بھٹکل،2/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کے فائر بریگیڈ یونٹ میں معاون اسٹیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے رمیش شیٹی کو حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔
رمیش شیٹی نے 1992 میں فائر بریگیڈ میں شمولیت اختیار کی تھی اور بنگلورو میں تربیت حاصل کرنے کے بعد بیلگاوی ضلع میں خدمات انجام دیں ۔ اس کے بعد انہِیں پروموشن ملا اور وہ منگلورو کدری، شیموگہ، ملپے جیسے مقامات پر خدمات دیتے رہے ۔ 2016 میں انہیں اسٹیشن آفیسر کے طور پر ترقی دیتے ہوئے بھٹکل میں تعینات کیا گیا اور تب سے وہ یہاں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
رمیش شیٹی نے ایک عوام دوست فائر بریگیڈ آفیسر کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے ۔ بھٹکل میں جہاں کہیں بھی ہنگامی ضرورت پیش آتی ہے وہاں رمیش شیٹی اپنے عملہ کے ساتھ بر وقت پہنچنے اور حالات پر قابو پانے میں سب سے آگے رہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال پر قابو پانے اور نقصانات سے بچنے کے لئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں ۔ آگ سے خطرے کے وقت اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے کیا طریقے ہیں اور کس طرح ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے اس سلسلے میں بھی اسکولی طلبہ میں بیداری لانے اور تربیتی پروگرام منعقد کرنے میں مصروف رہتے ہیں ۔
ایک ملنسار اور فرض شناس فائر بریگیڈ آفیسر رمیش شیٹی کو وزیر اعلیٰ گولڈ میڈل سے نوازے جانے پر عوام کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی ستائش کی جا رہی ہے۔